لاس اینجلس سے نیو یارک جانے والے طیارے کو ایک مسافر خاتون کے بالوں میں جوئیں دیکھنے پر فوراً فینکس میں اتار دیا گیا۔ یہ معلومات ایک ٹک ٹاکر کی وڈیو کے ذریعے سامنے آئی، جو اب تک 10 لاکھ سے زیادہ بار دیکھی جا چکی ہے۔
انڈیا ٹوڈے کی رپورٹ کے مطابق، یہ واقعہ جون 2023 میں پیش آیا جب امریکن ایئر لائنز کی پرواز 2201، جو تقریباً 4 ہزار کلومیٹر کے سفر پر تھی، 600 کلومیٹر کا سفر طے کرنے کے بعد فینکس کی جانب ہنگامی لینڈنگ کے لیے موڑ دی گئی۔ ایتھن جوڈلسن نامی ٹک ٹاکر نے اپنی ویڈیو میں بتایا کہ پرواز کے عملے نے فوری طور پر ہنگامی لینڈنگ کی وجہ مسافروں کو نہیں بتائی۔
فینکس ایئرپورٹ پر طیارے کی لینڈنگ کے بعد عملہ مسافروں کو کوئی معقول وجہ نہیں بتا سکا۔ تاہم، ایتھن جوڈلسن نے مسافروں کی گفتگو سے اندازہ لگایا کہ طیارے میں سوار دو لڑکیوں نے پاس بیٹھی خاتون کے بالوں میں جوئیں دیکھ کر عملے کو اطلاع دی، جس کے بعد عملے نے طیارے کو فینکس میں اتارنے کا فیصلہ کیا۔ ٹک ٹاکر کے مطابق، اس واقعے کے باعث سفر میں 12 گھنٹے کی تاخیر ہوئی، جس کے بعد فضائی کمپنی نے مسافروں کو ہوٹل میں قیام اور 12 ڈالر فی کس کی ادائیگی کی۔ کمپنی نے 15 جون کو جاری بیان میں کہا کہ طیارے کو ایک مسافر کی طبی ضروریات کی وجہ سے فینکس میں ہنگامی لینڈنگ کرائی گئی۔