جویریہ عباسی نے گزشتہ روز انسٹاگرام پر ایک مختصر ویڈیو پوسٹ کی، جس میں فرانس کے دارالحکومت پیرس کے ایفل ٹاور پر مرد اور خاتون کو ایک دوسرے کے ہاتھ تھامے دیکھا جا سکتا ہے۔
ویڈیو میں مرد اور خاتون کے چہرے دکھائی نہیں دیتے، تاہم اداکارہ نے ویڈیو شیئر کرتے ہوئے مختصر کیپشن میں لکھا کہ نئی زندگی کا آغاز۔
ان کی جانب سے ویڈیو شیئر کیے جانے کے بعد سوشل میڈیا صارفین سمیت شوبز شخصیات نے بھی کمنٹس کرتے ہوئے انہیں مبارک باد پیش کی جب کہ ان کی بیٹی عنزیلہ عباسی نے بھی پوسٹ پر کمنٹ کیا۔
عنزیلہ عباسی نے والدہ کی پوسٹ پر کمنٹ کرتے ہوئے ان کی جانب سے نئی زندگی کا آغاز کیے جانے پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے ان کے لیے محبت کا اظہار بھی کیا۔
جہاں عنزیلہ عباسی نے والدہ کی نئی زندگی پر خوشی کا اظہار کیا، وہیں بعض افراد نے جویریہ عباسی پر تنقید بھی کی اور لکھا کہ بیٹی کی شادی کے بعد بھی وہ حرکتوں سے باز نہیں آ رہیں۔
جویریہ عباسی کی بیٹی عنزیلہ عباسی اگست 2023 میں رشتہ ازدواج میں بندھیں تھیں اور بیٹی کی شادی کے ایک سال بعد اداکارہ نے اپنی نئی زندگی کا آغاز کیا۔
اگرچہ جویریہ عباسی نے انسٹاگرام پوسٹ اور کیپشن کے ذریعے بتایا کہ انہوں نے نئی زندگی کا آغاز کردیا، تاہم انہوں نے واضح نہیں کیا کہ انہوں نے شادی کی ہے یا پھر انہوں نے منگنی کی؟
شوبز سوشل میڈیا پیجز اور ویب سائٹس کے مطابق جویریہ عباسی نے منگنی کی ہے، تاہم بعض ویب سائٹس نے اداکارہ کی شادی کی خبر دی۔
جویریہ عباسی کی پہلی شادی ڈیڑھ دہائی قبل طلاق پر ختم ہوئی تھی۔