خبریںشوبز

دنیا بھر میں شہرت بٹورنے والے ننھے ولاگر شیراز کا ولاگز نہ بنانے کا اعلان

گلگت بلتستان کے چھوٹے سے قصبے سے تعلق رکھنے والے ننھے ولاگر شیراز نے آئندہ ولاگز نہ بنانے کا اعلان کرکے اپنے لاکھوں مداحوں کو افسردہ کردیا۔

شیراز نے رواں برس جنوری میں ہی یوٹیوب، انسٹاگرام اور فیس بک پر ولاگز بنانا شروع کیے تھے۔

شیراز نے یوٹیوب پر 17 جنوری 2024 کو اپنا پہلا ولاگ اپ لوڈ کیا تھا، جسے اب تک تقریبا 10 لاکھ بار کے قریب دیکھا جا چکا ہے۔

شیراز نے اپنے چند ہی ولاگز میں نہ صرف پاکستان اور بھارت بلکہ دیگر ممالک میں اردو سمجھنے والے افراد کی بھی توجہ حاصل کرلی تھی اور یوٹیوب پر ان کے سبسکرائبرز کی تعداد 15 لاکھ سے زائد ہوچکی تھی۔

شیراز نے یوٹیوب پر مجموعی طور پر 84 ویڈیوز اپ لوڈ کیں، جس میں سے متعدد ویڈیوز کو لاکھوں بار دیکھا گیا اور فیس بک پر بھی ان کے 16 لاکھ جب کہ انسٹاگرام پر 21 لاکھ فالوورز ہیں۔

شیراز نے درجنوں ولاگز اپنی چھوٹی بہن مسکان کے ساتھ بھی شیئر کیے اور دونوں بچوں کو ان کے سادہ انداز، گلگتی انداز میں بولی جانے والی اردو کی وجہ سے کافی پسند کیا گیا۔

شیراز اور مسکان نے 16 مئی کو یوٹیوب اور انسٹاگرام پر ولاگ شیئر کرتے ہوئے بتایا کہ اب دونوں ولاگز نہیں بنائیں گے۔

دونوں نے اپنے لاکھوں چاہنے والوں سے اجازت مانگی اور اس دوران دونوں آبدیدہ بھی ہوگئے۔

شیراز کا کہنا تھا کہ انہیں ولاگز بنانا بہت پسند ہیں اور وہ چاہتے ہیں کہ وہ ولاگز بناتے رہیں لیکن والد نے اب انہیں ایسا کرنے سے منع کردیا ہے کیوں کہ ان کے والد کی خواہش ہے کہ وہ اور مسکان اچھی طرح تعلیم حاصل کریں۔

شیراز نے کہا کہ وہ اپنے مداحوں کو یاد کرتے رہیں گے اور اگر وہ بھی مداحوں کو یاد آئیں اور وہ ان کے ولاگز دیکھنا چاہیں تو وہ ان کے والد کو پیغامات بھیجیں۔

نہوں نے واضح کیا کہ اگر والد نے انہیں اجازت دی تو وہ ولاگز بنانا شروع کریں گے لیکن فی الحال وہ اب ولاگز نہیں بنائیں گے۔

شیراز کی جانب سے ولاگز نہ بنانے کے اعلان پر ان کے مداح افسردہ بھی دکھائی دیے، تاہم مداحوں نے ان کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ دل لگا کر اچھی تعلیم حاصل کریں۔

 

 

آپ کا ردعمل کیا ہے؟

متعلقہ اشاعت