سوڈان: متنازع علاقے میں حریف قبائل میں مسلح تصادم، 54 افراد ہلاک، 64 زخمی

غیر ملکی خبر رساں اداروں کی رپورٹس کے مطابق سوڈان میں متنازع علاقے میں قبائلی جھڑپوں کے دوران ہلاک ہونے والوں میں اقوام متحدہ کے امن مشن کے 2 اہلکار بھی شامل ہیں جب کہ امدادی سرگرمیوں کے دوران پاکستانی امن مشن کا ایک اہلکار بھی حملوں کی زد میں آکر شہید ہوگیا تھا۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق سوڈان کے متنازع علاقے ایبے میں حریف قبائل میں مسلح تصادم سے ہلاک افراد کی تعداد 54 تک جا پہنچی ہے جب کہ 64 زخمی ہوگئے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری بیان کے مطابق سوڈان اور جنوبی سوڈان کے متنازع علاقے ابائے میں تعینات پاکستان کا امن دستہ مقامی آبادی کے دو مریضوں کو ہسپتال لے جارہا تھا کہ ان پر فائرنگ کردی گئی۔

فائرنگ کے تبادلے میں پاک فوج کے سپاہی محمد طارق شہید ہوگئے جن کا تعلق سندھ کے ضلع بدین سے تھا۔

بیان میں کہا گیا کہ پاکستان کا امن مشن دستہ دنیا بھر کے مختلف حصوں میں پیشہ وارانہ لگن کے ساتھ خدمات انجام دیتا رہا ہے۔ اب تک دنیا بھر میں امن کی خاطر 181 پاکستانیوں نے جام شہادت نوش کیا ہے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق پاکستان، بین الاقوامی برادری کے ذمہ دار رکن کی حیثیت سے اپنا کردار ادا کرہا ہے اور اقوام متحدہ کے تحت عالمی امن اور استحکام کے لیے اپنے فرائض نبھا رہا ہے۔

 

Exit mobile version