شاہ رخ خان نے اپنی ہٹ فلم میں مجھے کاپی کیا اور کریڈٹ بھی نہیں دیا، توقیر ناصر
توقیر ناصر نے ایک انٹرویو میں انکشاف کیا کہ بالی ووڈ کے مشہور اداکار شاہ رخ خان اکثر ان کے کام کی تعریف کرتے ہیں اور مختلف لوگوں کے ذریعے ان تک سلام بھی پہنچاتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ شاہ رخ خان خود بھی ایک بہترین اداکار ہیں۔
توقیر ناصر کا مزید کہنا تھا کہ شاہ رخ خان نے اپنی مقبول فلم ‘کبھی الوداع نہ کہنا’ میں ان کی نقل کی۔ انہوں نے بتایا کہ ڈرامہ ‘پرواز’ میں ان کے کردار کی طرز پر شاہ رخ خان نے اس فلم میں کردار ادا کیا، حتیٰ کہ زخمی ٹانگ بھی بالکل اسی طرح دکھائی گئی جیسا کہ ان کے ڈرامے میں تھا۔ توقیر ناصر نے کہا کہ ‘پرواز’ کی کہانی پر ہی ‘کبھی الوداع نہ کہنا’ بنائی گئی، جو کہ مشہور رائٹر مستنصر حسین تارڑ نے لکھی تھی۔ ان کا کہنا تھا کہ شاہ رخ خان اور فلم میکر کرن جوہر کو انہیں اس کا کریڈٹ دینا چاہیے تھا۔
سینئر اداکار نے یہ بھی کہا کہ انہیں بالی ووڈ فلموں میں کام کی آفر ملتی رہی ہیں، ایک فلم کی ہیروئن مادھوری ڈکشٹ تھیں، تاہم وہ اس فلم میں کام نہیں کر سکے۔
