خبریںشوبز

’ہیرا منڈی‘ پر حیدرآبادی اردو میں تبصرہ کرنے والی لڑکی کی ویڈیو وائرل

بولی وڈ فلم ساز سنجے لیلا بھنسالی کی ویب سیریز ’ہیرا منڈی‘ پر بھارتی حیدرآبادی اردو میں تبصرہ کرنے والی لڑکی کی ویڈیو وائرل ہوگئی۔

سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی مختصر ویڈیو میں بھارتی لڑکی کسی نیوز کاسٹر کی طرح ’ہیرا منڈی‘ پر خبریں پڑھنے کے انداز میں تبصرہ کرتی دکھائی دیں۔

مختصر ویڈیو میں لڑکی بتاتی ہیں کہ ’ہیرا منڈی‘ میں عالیشان محل دکھائے گئے، اداکاراؤں کو مہنگے کپڑے اور قیمتی زیور پہنے دکھایا گیا جب کہ انگریزوں کی طرح نظر آنے والے اداکاروں کو اردو بولتے دکھایا گیا۔

خبریں پڑھنے کے انداز میں لڑکی نے فلم پر تبصرہ کیا کہ ’ہیرا منڈی‘ میں کہانی کے علاوہ ہر چیز موجود تھی، یعنی اس میں محل، کپڑے، گانے، ڈانس اور لولی لنگڑی اردو بولتے کرداروں کو بھی دکھایا گیا۔

ویڈیو میں بھارتی لڑکی ’ہیرا منڈی‘ کے کرداروں پر مزاحیہ انداز میں تبصرہ کرتی دکھائی دیتی ہیں اور بتاتی ہیں کہ بعض کرداروں کو صرف دھکے کھاتے دکھایا گیا۔

نیوز کاسٹر کے انداز میں تبصرہ کرنے والی لڑکی نے ویب سیریز کی ٹیم کو خدا کا واسطہ دیتے ہوئے کہا کہ وہ اگر ’ہیرا منڈی‘ نہ بناتے تو اچھا ہوتا، وہ اپنے خواب کو خواب ہی رہنے دیتے۔

لڑکی کی جانب سے بھارتی حیدرآبادی اردو میں ’ہیرا منڈی‘ پر تبصرہ کرنے کی ویڈیو وائرل ہوگئی، انڈیا اور پاکستان کے شوبز سوشل میڈیا پیجز کی جانب سے بھی لڑکی کی ویڈیو کو شیئر کیا گیا، جہاں صارفین نے ان کی تعریفیں کیں۔

زیادہ تر صارفین نے لکھا کہ انہیں فلم سے زیادہ حیدرآبادی اردو میں ’ہیرا منڈی‘ پر تبصرے کی ویڈیو پسند آئی۔

خیال رہے کہ حیدرآباد بھارتی ریاست تلنگانہ کا دارالحکومت ہے، ماضی میں اسے حیدرآباد دکن یا دکھن بھی کہتے تھے، وہاں مسلمان زیادہ آبادی میں بستے ہیں، اس ریاست میں اردو کو ریاست کی دوسری سرکاری زبان کی حیثیت حاصل ہے۔

 

 

آپ کا ردعمل کیا ہے؟

متعلقہ اشاعت

Qalam Kahani We would like to show you notifications for the latest news and updates.
Dismiss
Allow Notifications