خبریںویڈیوز

دانیہ شاہ کی وراثت کا دعویٰ دائر کرنے کی ویڈیو وائرل

مرحوم عامر لیاقت کی تیسری بیوہ دانیہ شاہ کی ایک وکیل کے ہمراہ ویڈیو وائرل ہو رہی ہے، جسم میں قانون دان دعویٰ کرتے دکھائی دیے کہ انہوں نے دانیہ شاہ کی وراثت کا دعویٰ دائر کردیا۔

https://www.instagram.com/p/C6nzF87goFO

سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ویڈیو سے واضح نہیں ہوتا کہ یہ کب بنائی گئی اور اس میں وراثت کا دعویٰ کرنے والے وکیل کون ہیں؟ تاہم ویڈیو میں دانیہ شاہ کو قانون دان کے ہمراہ دیکھا جا سکتا ہے۔

مختصر ویڈیو میں وکیل ہونے کا دعویٰ کرنے والے شخص اپنا تعارف شہزاد حکیم کے نام سے کرواتے ہیں اور بتاتے ہیں کہ انہوں نے دانیہ شاہ کی جانب سے ان کی وراثت کا دعویٰ دائر کردیا ہے۔

وہ بتاتے ہیں کہ وہ دانیہ شاہ اور ان جیسے دوسرے غریبوں اور ضرورت مندوں کی مدد کرتے ہیں، جس کی وجہ سے خدا ان کی مدد کرتے ہیں اور ان کا یہی ذریعہ معاش ہے۔

مذکورہ وکیل بتاتے ہیں کہ انہوں نے دانیہ شاہ کی جانب سے وراثت کا دعویٰ دائر کردیا ہے، اور وہ اس کے عوض دانیہ شاہ سے 2 کروڑ روپے لیں گے۔

ویڈیو میں وکیل دعویٰ کرتے ہیں کہ وہ دانیہ شاہ کو ان کا حق اور وراثت دلوا کر رہیں گے۔

انہوں نے ویڈیو میں کہا کہ وہ دیکھیں گے کہ کون دانیہ شاہ کا حق کھاتا ہے اور انہیں وراثت کا حصہ نہیں دیتا۔

اگرچہ ویڈیو میں وکیل دعویٰ کرتے ہیں کہ انہوں نے وراثت کا دعویٰ دائر کردیا، تاہم وہ یہ نہیں بتاتے کہ انہوں نے کس عدالت میں کس کے خلاف وراثت کا دعویٰ دائر کیا ہے؟

ویڈیو میں دانیہ شاہ کو بھی دیکھا جا سکتا ہے، تاہم وہ مذکورہ معاملے پر کچھ نہیں بولتیں۔

مرحوم عامر لیاقت نے فروری 2022 میں 18 سالہ دانیہ ملک سے تیسری شادی کی تھی، جنہوں نے محض 3 ماہ بعد مئی میں تنسیخ نکاح کے لیے پنجاب کی عدالت میں درخواست دائر کی تھی مگر ان کی خلع ہونے سے قبل ہی مبینہ طور پر دانیہ شاہ کی جانب سے عامر لیاقت کی مبینہ آڈیو اور نازیبا ویڈیوز لیک کی گئی تھیں، جس کے کچھ عرصے بعد 9 جون 2022 کو عامر لیاقت انتقال کر گئے تھے۔

بعد ازاں عامر لیاقت حسین کے بچوں اور پہلی بیوی بشریٰ اقبال نے دانیہ ملک کے خلاف وفاقی تحقیقاتی ادارے میں شکایت درج کرائی تھی اور دانیہ شاہ کے خلاف ایف آئی اے اور کراچی کی عدالتوں میں مقدمات کی سماعتیں بھی ہوئی تھیں۔

آپ کا ردعمل کیا ہے؟

متعلقہ اشاعت