انڈونیشیا میں ایک مزاحیہ اداکار کو محمد نام کی توہین کا مرتکب ہونے پر 7 ماہ قید کی سزا سنائی گئی ہے۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق یہ واقعہ انڈونیشیا کے صوبے سماٹرا میں پیش آیا۔ ایک شو کے دوران اولیا رحمان نامی مزاحیہ اداکار نے ایک ایسا لطیفہ سنایا تھا جس میں لفظ محمد کا مذاق بنایا گیا تھا۔
انڈونیشیا میں تقریباً ہر شخص کے نام کے ساتھ نبی آخری الزمان کے نام محمد کو بطور محبت احترام اور شوق سے لگایا جاتا ہے لیکن اکثر لوگ اس نام کی توقیر کا خیال نہیں رکھ پاتے۔
مزاحیہ اداکار سے بھی یہی غلطی سرزد ہوئی۔ انڈونیشیا میں نام محمد کی توہین کے جرم کی سزا زیادہ سے زیادہ 5 سال تک قید کی ہے۔ پراسیکیوٹر نے اداکار کے لیے 8 ماہ کی سزا کا مطالبہ کیا تھا۔
عدالت میں مزاحیہ اداکار نے اپنی غلطی کا اعتراف کرتے ہوئے معافی مانگی اور آئندہ ایسا نہ کرنے کی یقین دہانی کرائی تھی جس کے باعث اسے کم سے کم سزا دی گئی۔