بلال عباس خان اور در فشاں سلیم کا حال ہی میں مقبول ڈراما عشق مرشد اختتام پذیر ہوا ہے، جس میں دونوں کی جوڑی کو بہت سراہا گیا اور ڈرامے میں دونوں کی شادی کے مناظر بھی دکھائے گئے تھے۔
ڈرامے میں دونوں کی شادی کے مناظر کی ویڈیوز اور تصاویر بھی وائرل ہوئی تھیں۔
اور اب ایک خاتون یوٹیوبر نے دعویٰ کیا ہے کہ دراصل بلال عباس خان اور در فشاں سلیم نے کچھ عرصہ قبل ہی خفیہ طور پر نکاح کرلیا تھا۔
یوٹیوبر ماریہ علی نے اپنی یوٹیوب ویڈیو میں دعویٰ کیا کہ در فشاں سلیم اور بلال عباس خان کے درمیان ڈرامے عشق مرشد سے قبل ہی تعلقات استوار ہوئے تھے۔
انہوں نے دعویٰ کیا کہ ڈرامے عشق مرشد میں کام کے دوران دونوں کو انتہائی قریب دیکھا گیا، یہاں تک کہ دونوں کھانا بھی ایک ساتھ کھاتے تھے۔
خاتون کے مطابق در فشاں سلیم اور بلال عباس خان خفیہ نکاح کی وجہ سے ہی ڈرامے کے پریمیئر میں بھی تاخیر کی وجہ سے پہنچے تھے، کیوں کہ دونوں نے ایک ساتھ وقت گزارا۔
یوٹیوبر نے دعویٰ کیا کہ دونوں نے کچھ عرصہ قبل ہی خفیہ طور پر نکاح کرلیا تھا اور اس بات کی تصدیق متعدد شوبز کے ذرائع بھی کر رہے ہیں لیکن دونوں اداکاروں نے نکاح کی بات کو خفیہ رکھا ہے۔
خاتون یوٹیوبر نے اپنی ویڈیو میں در فشاں سلیم پر سنگین الزامات بھی لگائے اور دعویٰ کیا کہ انہوں نے ایک اور اداکار کو دھوکا دیا، پہلے اداکارہ دوسرے اداکار کے ساتھ تعلقات میں تھیں۔
یوٹیوبر کی جانب سے درفشاں سلیم اور بلال عباس خان کے نکاح کے دعوے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی لیکن تاحال دونوں اداکاروں نے یوٹیوبر کے دعووں پر کوئی وضاحت نہیں کی۔