سنچورین کے سپر اسپورٹس پارک میں کھیلے گئے سیریز کے پہلے ٹیسٹ میچ میں جنوبی افریقہ نے باؤلنگ کے لیے سازگار وکٹ پر پہلے باؤلنگ کا فیصلہ کیا جو بالکل درست ثابت ہوا۔
بھارت نے اننگز کا آغاز کیا تو آدھی ٹیم 107 رنز پر پویلین لوٹ چکی تھی لیکن اس کے بعد لوکیش راہُل جنوبی افریقی باؤلرز کی راہ میں حائل ہو گئے۔
مایہ ناز بلے باز نے ٹیل اینڈرز کے ہمراہ عمدہ کھیل پیش کیا اور سنچری اسکور کی جس کی بدولت بھارتی ٹیم 245 رنز بنانے میں کامیاب رہی۔
جنوبی افریقہ کی جانب سے کگیسو ربادا نے پانچ جبکہ پہلا میچ کھیلنے والے نیندرے برگر نے تین وکٹیں اپنے نام کیں۔
جنوبی افریقہ نے باری شروع کی تو ڈین ایلگر نے بہترین کھیل پیش کیا اور انجری کا شکار کپتان ٹیمبا باووما کی غیر موجودگی کا دباؤ نہ لیتے ہوئے بہترین سنچری اسکور کی۔
ڈین ایلگر نے 185 رنز کی اننگز تراشی جبکہ ان کے علاوہ ڈیوڈ بیدنگھم نے 56 اور مارکو جینسن نے 84 رنز کی اننگز کھیلیں جس کی بدولت جنوبی افریقہ نے پہلی اننگز میں 408 رنز بنائے اور 245 رنز کی برتری حاصل کی۔
بھارت کی جانب سے جسپریت بمراہ نے چار جبکہ محمد سراج نے دو وکٹیں اپنے نام کیں۔
بھارتی کی دوسری اننگز پہلی اننگز سے زیادہ ابتر رہی اور دو کھلاڑیوں کے سوا کوئی بھی ڈبل فیگرز میں بھی داخل نہ ہو سکا۔
13 رنز پر دو وکٹیں گرنے کے بعد ویرات کوہلی اور شبمن گل نے وکٹیں گرنے کا سلسلہ کچھ دیر کے لیے روک دیا اور اسکور کو 2 تک پہنچایا۔
شبمن گل 26 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے تو وکٹیں گرنے کا سلسلہ ایک بار پھر شروع ہو گیا اور دوسرے اینڈ سے کوہلی ساتھی کھلاڑیوں کی پویلین واپسی کا تماشا دیکھتے رہے۔
کوہلی نے 76 رنز کی اننگز کھیلی اور 131 رنز پر جب بھارتی ٹیم کی باری کا خاتمہ ہوا تو وہ آؤٹ ہونے والے آخری کھلاڑی تھے۔
پہلا میچ کھیلنے والے برگر نے دوسری اننگز میں 4 وکٹوں سمیت 7 وکٹیں لیں جبکہ کگیسو ربادا نے دو اور جینسن نے تین وکٹیں حاصل کیں۔
ڈین ایلگر کو 185 رنز کی اننگز کھیلنے پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔