خبریںشوبز

حنا خان نے اپنے حسین بال کھو دیے

کینسر سے جنگ کرنے والی حنا خان نے اپنے حسین بال کھو دیے ہیں۔ انہیں چھاتی کے سرطان کے تیسرے مرحلے کی تشخیص ہوئی تھی۔

چھاتی کے سرطان کے تیسرے مرحلے کی تشخیص کے بعد، مقبول اداکارہ حنا خان نے ایک دلیرانہ قدم اٹھایا ہے۔ کیموتھراپی کے بارہ سیشنز کی وجہ سے بالوں کے گرنے سے پہلے انہوں نے خود ہی اپنے بال کاٹنے کا فیصلہ کیا۔

 

ایک دل کو چھو لینے والی ویڈیو میں حنا خان آئینے کے سامنے بیٹھی ہیں، پس منظر میں ان کی والدہ کی روتی ہوئی آواز سنائی دے رہی ہے، جبکہ وہ ایک ایسا منظر دیکھنے کی تیاری کر رہی ہیں، جس کا انہوں نے کبھی تصور بھی نہیں کیا تھا۔ انہوں نے ایک درد بھرا پیغام شیئر کرتے ہوئے کہا کہ بال کھونا کتنا مشکل تھا، مگر ان کا اصل تاج ان کی ہمت اور طاقت ہے۔ "بال دوبارہ بڑھ جائیں گے، بھنویں واپس آ جائیں گی، نشانات مٹ جائیں گے، لیکن روح کو مکمل رہنا چاہیے۔”

ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ اداکارہ کے چہرے پر مسکراہٹ ہے اور انہوں نے پُرسکون انداز سے بال کٹوائے لیکن آخری میں ان کی آنکھیں بھی نم ہوگئیں، کٹنگ کے بعد اداکارہ کی والدہ نے انہیں گلے سے لگالیا۔

حنا خان نے ویڈیو کے ساتھ ایک طویل نوٹ بھی شائع کیا، جس میں اُنہوں نے لکھا کہ آپ ویڈیو کے پسِ منظر میں میری والدہ کی رونے کی آواز سُن سکتے ہیں کیونکہ اُنہوں نے کبھی تصور بھی نہیں کیا تھا کہ اُن کی بیٹی اس قدر تکلیف میں مبتلا ہو سکتی ہے۔

اداکارہ نے کہا کہ یہ ویڈیو اُن تمام مرد و خواتین کے لیے ہے جو کینسر سے لڑ رہے ہیں۔ میں جانتی ہوں کہ بال کٹوانا بہت مشکل ہوتا ہے کیونکہ بال انسان کی خوبصورتی کا حصہ ہوتے ہیں، لیکن اگر آپ کو اس سنگین جنگ کا سامنا ہے تو آپ کو اپنے بال کھونے پڑیں گے۔ اگر آپ جیتنا چاہتے ہیں تو کچھ سخت فیصلے کرنا ہوں گے۔

حنا خان نے کہا کہ میں نے فیصلہ کیا ہے کہ میں اس جنگ کو جیتنے کے لیے ہر ممکن کوشش کروں گی۔ میرا اصل تاج میرے بال نہیں بلکہ میری ہمت، میری طاقت اور میری اپنے لیے محبت ہے۔

اداکارہ نے مزید لکھا کہ میں اپنے بالوں کو ایک خوبصورت وگ بنانے کے لیے استعمال کروں گی، مجھے یقین ہے کہ مکمل صحتیابی کے بعد میرے بال دوبارہ اُگ آئیں گے، بھنویں واپس آ جائیں گی اور زخموں کے نشانات بھی ختم ہو جائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ میں اپنی کہانی اور کینسر کے علاج کے اپنے سفر کو ریکارڈ کر رہی ہوں تاکہ میری وجہ سے ہر مریض کو ہمت اور حوصلہ مل سکے۔ براہِ کرم! میرے لیے دعا کریں۔

واضح رہے کہ حنا خان نے 28 جون کو اپنی انسٹاگرام پوسٹ میں بتایا تھا کہ وہ چھاتی کے کینسر کا شکار ہو گئی ہیں۔

آپ کا ردعمل کیا ہے؟

متعلقہ اشاعت